مقالاتِ محبوب
- تم حتی الامکان مخلوق سے الگ تھلگ رہا کرو زیادہ لوگوں سے میل رکھنے سے خرابیاں پیدا ہوتی ہیں۔
- بد بخت آدمی کی صحبت سے بری صحبت لگ جاتی ہے۔جیسے کہ خارش زدہ سے خارش تندرست آدمی کو لگ جاتی ہے۔
- تم اپنی دوستی کے لیئے اچھا اور قابلِ فخر دوست کا اِنتخاب کرو۔چاپلوس آدمی کی دوستی میں کوئی خیر و بھلائی نہیں ہوتی ہے۔
- چاپلوس زبان شیریں گفتگو کریگا لیکن بعد میں لومڑی کی طرح کترا کر گزر جائیگااس لیئے کہ دوست دوستی کرنے والے ہی کی طرف منسوب ہوتا ہے۔
- گفتگو کرتے وقت موزوں کلام کرو مجلس میں بڑ بڑ زیادہ نہ کرو۔ تم اپنی زبان کی حفاظت کرو زیادہ نہ بولو اس لیئے کہ زبان ہی سے انسان محفوظ رہتا ہے۔ اور ہلاک بھی ہو جاتا ہے۔
- کسی جاہل کو دشمن کبھی بھی اتنا نقصان نہیں پہنچاتاجتنا کہ وہ اپنے آپ کو جہل کی وجہ سے نقصان پہنچاتا ہے۔
- ہر قسم کے راز کو صیغہ راز میں رکھا کرو بتایا نہ کرو اس لیئے کہ شیشہ ٹوٹنے کے بعد جوڑا نہیں جاتااسی طرح اگر کسی آدمی کے رازکو راز کے طور پر نہ رکھا گیا تو لوگ نمک مرچ ملا کر برعکس بیان کرتے ہیں۔
- عورتیں اپنی دلچسپ باتوں سے ابھارتی ہیں جب غالب ہو جاتی ہیں تو دمکتی ہوئی دراز قامت حسین معلوم ہوتی ہیں اور سب کی سب عورتیں مرد کو مکر و فریب کے جال میں پھنسانے کے لیئے بنائی گئی ہیں۔ جب آدم حوا کے جال میں پھنسا تو جنت سے نکالا گیا۔عورتیں فتنوں کے دروازے کی کنجیاں اور رنج و غم کا خزانہ ہیں۔ رات کو خوشبو دن کو کانٹا ہیں۔ تم کبھی عورتوں سے مانوس نہ ہو نا ۔انسان عورت کے جال میں پھنس کر ذلیل و خوار ہو جاتا ہے۔
- امانت کی حفاظت کرو خیانت سے بچو۔ تمام معاملات میں انصاف کرو۔ظلم، دھوکہ، دغا بالکل نہ کرو یہ بات تمہارے لیئے سود مند ہوگی۔
- جب دشمن کو ملو پہلے سلام کرو پھر مطمئن مت رہنابلکہ خائف رہنا اور گرد و پیش کا جائیزہ لیتے رہنا چاہیے۔
- جب زمانہ تمہیں بے چینی بے اطمینانی میں مبتلاء کر دے۔ یا کسی مسئلہ میں پریشان ہو جاؤ تو صبر کا دامن نہ چھوڑو ۔اپنے پروردگار کے دربارِ عالی میں گریہ زاری کرو۔اس لیئے کہ جو اللہ کو پکارتا ہے وہ سنتا ہے۔ اللہ شہ رگ سے بھی زیادہ قریب تر ہے۔
- مظلوم کی بد دعا سے بچو اس لیئے کہ مظلوم کی دعا نہ لوٹائی جاتی ہے اور نہ ردکی جاتی ہے۔
- جب تم یہ دیکھو کہ رزق کسی شہر میں کم یاب ہوگیا ہے اور تمہیں یہ خوف لگ رہا ہو کہ میں تنگ ہو جاؤنگا۔تو اللہ کی زمین بہت وسیع ہے طولاً عرضاً مشرق و مغرب کہیں بھی کوچ کر جاؤ۔ ہجرت کرنا سنت ہے۔
- اگر میری یہ نصیحت پسند آئی ہو تو قبول کرو یہ نصیحت خیر خواہی ہے کسی تحفہ ہدیہ یا دی جانے والی چیز سے قیمتی ہے۔
(فقیر سید محبوب علی شاہ قادری)